مظفرآباد:اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزادکشمیر کے مطابق 4 مئی 2025 تک آزاد کشمیر میں شدید موسمی صورتحال متوقع ہیں۔ اس دوران وقفے وقفے سے گرج چمک، بارش، ژالہ باری، آندھی اور گرد و غبار کے طوفان کا امکان ہے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزادکشمیرکی جانب سے تینوں ڈویژنز کے کمشنرز، چیف انجینئرز کو جاری موسمی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موسمی نظام درختوں، کھمبوں، سولر پینلز، ہورڈنگز اور دیگر ڈھیلے ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اس دوران سفر، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور شہری علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور درجہ حرارت میں اچانک کمی جیسے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
موسمی ایڈوائزری میں لوگوں سے گزارس کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کمزور جگہوں سے دور رہیں اور ژالہ باری یا آندھی کے دوران مضبوط جگہوں پر پناہ لیں۔
کاشتکار اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کریں اور مسافر حضرات سفر کی منصوبہ بندی موسمی حالات دیکھ کر کریں تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔اپنی اور دوسروں کی حفاظت یقینی بنائیں۔ احتیاط ہی بچاؤ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر ، اسلام آباد میں تیز آندھی ،طوفان،شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق