پہلگام واقعہ سکیورٹی ناکامی ،را کے سابق سربراہ نے ذمہ داری مودی حکومت پر ڈال دی

اسلام آباد:انڈیا کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دلت نے کہا ہے کہ پہلگام حملہ انڈین سکیورٹی اداروں کی ناکامی کی وجہ سے ہوا تاہم اس معاملے پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان باقاعدہ جنگ کا امکان نہیں ہے بلکہ معاملات بات چیت سے حل ہونے کی توقع ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ’’را‘‘ کے سابق سربراہ نے کہا کہ آپ جنگ کی بات کرتے ہیں تو وہ تو جوہری ہتھیاروں کی جنگ کی بات ہے تو یہ باتیں بس ڈرانے کیلئے ہیں۔

امرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ہر جانب سے یہ سُننے کو ملتا ہے کہ اب بس جنگ ہونے والی ہےلیکن میں تو یہ کہتا ہوں کہ وار اس دی لاسٹ بیڈ آپشن (جنگ آخری اور سب سے بُرا آپشن) ہے۔

را  کے سابق سربراہ نے کہا کہ ابھی پاکستان اور انڈیا کے بیچ کُچھ ماحول خراب ہے مگر اسے ٹھیک کرنے کے اور بھی طریقے ہوتے ہیں جیسا کہ بیک چینل بات چیت۔

امرجیت سنگھ نے اس بارے میں کہا کہ اب تو امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کہہ دیا ہے کہ اِن (انڈیا، پاکستان) کے جھگڑے تو برسوں سے چلے آ رہے ہیں اور یہ اپنے حالات کو سنبھال لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ’میری سوچ کے مطابق بات چیت کبھی بھی ختم نہیں ہوتی، کوئی نہ کوئی، کہیں نہ کہیں اور کبھی نہ کبھی بات چیت کرتا ہی رہتا ہے۔

اگر آپ بات نہ بھی کرنا چاہیں تو آپ کی طرف سے سعودی عرب، ایران یا متحدہ عرب امارات میں سے کوئی نہ کوئی یہ ضرور کہے گا کہ ہم آپ کی جانب سے بات کر لیتے ہیں، اگر آپ کُھل کر سامنے نہیں آنا چاہتے تو۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا یہ سکیورٹی یا انٹیلیجنس کی ناکامی ہےتو را کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے کہا کہ ’پہلگام میں جو بھی ہوا وہ سکیورٹی اداروں کی ناکامی کی وجہ سے ہوا، کیونکہ وہاں سکیورٹی تو تھی ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:10لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پہلگام واقعہ سوالیہ نشان ہے؟مشعال ملک

Scroll to Top