ٹرمپ انتظامیہ مسئلہ کشمیر حل کرائے،پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی، سفیر رضوان شیخ

واشنگٹن:امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہےکہ ہم لڑائی نہیں چاہتے وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیںلیکن اگر قومی وقار کا دفاع کرنا پڑا تو پاکستانی قوم کسی قربانی سے گریز نہیں کریگی۔

امریکی جریدے نیوز کو دئیے گئے انٹرویو میںرضوان سعید شیخ کہا کہ پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ سے توقع ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تعمیری کردار ادا کریگی۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دنیا میں جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کا عزم قابل تحسین ہے۔

سفیر پاکستان نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں کشمیر کا تنازع دو جوہری طاقتوں کے درمیان سب سے بڑا فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کو غیر منطقی اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس کے خلاف پاکستان کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے۔ پہلگام واقعے کو انہوں نے فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ترقی یافتہ خطے کا خواہاں ہےکیونکہ معاشی ترقی کے لیے خطے میں امن ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی حیثیت کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستانی سفیر نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو معاہدے کی شقوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں، جابرانہ پالیسیوں یا انتخابی ضرورتوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔

Scroll to Top