نیلم:وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہندوستان خود ساختہ واقعات اور فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان کو کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت سے دستبردار نہیں کر سکتا۔
سیاحتی مقام کیرن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے ہر سطح پر اپنا موثر اور جاندار کردار ادا کرتا رہے گا۔
ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے عوام پر 77 سالوں سے بے پناہ مظالم کے باوجود ان کے جذبہ حریت کو کم نہیں کر سکا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدو جہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں بسنے والے شہری ہماری پہلی دفاعی لائن ہیں جو پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر امور کشمیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں کے دورے کا مقصد کشمیری عوام باالخصوص لائن آف کنٹرول کے اس پار بسنے والوں کے حوصلے بلند کرنا ہے اور ان کو یقین دلانا ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
ہندوستان کی خام خیالی ہے کہ وہ جنگ کے ذریعے ہمیں مرعوب کر سکتا ہے، اگر ہندوستان نے جنگ مسلط کی پاک فوج کے جوان اور قوم اسے ہمیشہ کی طرح شکست فاش سے دوچار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ پاک فوج کی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول پر اس سے قبل بھی ہندوستان کو ذلت آمیز شکست دی اگر اس نے کوئی مس ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اسے عبرت ناک شکست دیں گے۔
وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع ہمیشہ ناقابل تسخیر رہا ہے ہم ہندوستان کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔وزیر امور کشمیر آج سیاحتی مقام شاردہ میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ بھارت کو جواب دینے کیلئے تیار ، انجینئر امیر مقام