ڈی سی مظفرآباد نے بغیر اشتہار کے2 چہیتوں کو پٹواری بھرتی کر لیا، راتوں رات ڈومیسائل بھی تبدیل، انکوائری شروع

مظفر آباد:آزاد کشمیر کے محکمہ مال (بندوبست) میں خلاف ضابطہ اور غیر قانونی تقرریوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے ایکشن لے لیا ہے۔

ایک اعلیٰ سطحی مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر مظفر آباد نے قواعد و ضوابط اور حکومتی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے عنصر خان اور محمد فیصل کو بغیر کسی اشتہار اور قانونی طریقہ کار کے مستقل پٹواری بھرتی کیا۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ان تقرریوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ساتھ ہی محکمہ مال اور محکمہ حسابات کو پابند کیا گیا ہے کہ ان افراد کو حاضر نہ کیا جائے۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیونے کہاہے کہ انہیں کسی قسم کی تنخواہ نہ دی جائے جب تک تمام تقرریاں قانونی تقاضوں کے مطابق مشتہر کر کے نہ کی جائیں۔

مراسلے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ محمد عنصرخان جو دراصل نیلم کا رہائشی ہے کا ڈومیسائل راتوں رات مظفر آباد کا بنا کر بندوبست میں بھرتی کیا گیا جو کہ قانون سنگین خلاف ورزی ہے اور انکوائری طلب ہے۔

سینئر ممبربورڈ آف ریونیو نے اس معاملے کو فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے 3یوم کے اندر ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خورشید آباد، شیر پور میں پاک فوج کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ، سیکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ

Scroll to Top