ishfaq zafar

وزیر اعظم چوہدری انوار الحق تعلیمی پیکج کے تحت پسماندہ علاقوں کو ترجیح دیں، صاحبزادہ اشفاق ظفر

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل ) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ سترہ برس سے راجہ فاروق حیدر خان اقتدار میں ہیں لیکن حلقہ چھ کے پسماندہ علاقے تاحال بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

کہیں سڑک نہیں، کہیں بجلی، پانی یا ہسپتال موجود نہیں اور نہ ہی تعلیمی اداروں کی حالت بہتر ہے، انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر تعلیمی پیکج کے تحت پسماندہ علاقوں کو ترجیح دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علم کے پیاسوں کو مساوی مواقع مہیا کیے جائیں تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء چوہدری طارق ساگر، خورشید اعوان ایڈووکیٹ، چوہدری اورنگزیب، راشد مغل، راجہ حسنین، چوہدری کامران اور دیگر بھی موجود تھے۔

چوہدری طارق ساگر نے گاؤں بالا بانڈی (کھلانہ) کے سکولوں کی حالت زار پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مڈل سکول کاغذوں میں تو موجود ہے مگر عملاً وہ ایک پرائمری سکول ہے، جس کے لیے عمارت اور سٹاف کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے گرلز ہائر سیکنڈری سکول کھلانہ میں ماہر مضمون اساتذہ کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ وہاں کے بچے بہتر تعلیم حاصل کر سکیں۔

ساتھ ہی انہوں نے پریس کلب کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔صاحبزادہ اشفاق ظفر نے مزید کہا کہ پاک فوج سے ان کی محبت اور عقیدت غیر مشروط ہے، اور وہ ہمیشہ “پاک فوج زندہ باد” کا نعرہ بلند کرتے رہیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔عوامی ایکشن کمیٹی کی سیاست میں انٹری ،تبدیلی یا پرانی سیاست کی نئی شکل؟ اشفاق ظفر

ان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل کھلانہ کے عوام لائن آف کنٹرول کے قریب رہ کر ہمیشہ متاثر رہے ہیں، مگر انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم فوری طور پر کھلانہ یونین کونسل کے مسائل پر توجہ دیں، انہوں نے بتایا کہ ان کے دور میں آر ایچ سی کھلانہ قائم کیا گیا، مگر تاحال وہاں مکمل سہولیات فراہم نہیں کی گئیں

۔ان کا کہنا تھا کہ جہلم ویلی یونیورسٹی کیمپس کے لیے وزیر اعظم نے عمارت اور زمین کا اعلان کیا تھا، اب اس پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے

۔انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں انہوں نے صحت اور تعلیم کے لیے سپریم کورٹ تک جا کر لڑائی لڑی اور جہلم ویلی کے لیے سائنس ماڈل کالج حاصل کیا۔ اب اس کالج کے لیے زمین کا بندوبست بھی ضروری ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔آزادکشمیر کی سیاست دھوکہ بازی پرمبنی، دین سے دور کررہی تھی،صاحبزادہ امتیاز ظفر

انہوں نے خبردار کیا کہ پانی کی قلت پہاڑی علاقوں میں دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے، اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو
لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے فلسطین کے مسئلہ پر مسلم اُمہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج فلسطین کی باری ہے تو کل کسی اور اسلامی ملک کی باری ہو سکتی ہے۔ مسلم ممالک کو یکجا ہو کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینا چاہیے ورنہ روزِ قیامت جواب دینا ہوگا۔

Scroll to Top