اسلام آباد:صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کے 5منٹ بعد ہی پاکستان پر بغیر ثبوت الزام لگانا بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں معصوم سیاحوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دنیا کا کوئی بھی مذہب انسانیت کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔
مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ سیاحوں کا قتل عام قابل مذمت ہے۔مودی سرکار پر جنگی جنون کا بھوت سوار ہے اور اس سے قبل بھی بھارت نے 2019میں پلوامہ میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کیے بغیر ہی پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے جرائم کو چھپانا چاہتا ہے لیکن بھارت کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو اب دنیا جان چکی ہے ۔
بھارت چونکہ اب عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے کیونکہ بھارت نے کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی ہیں اور دنیا بھارت کے مکروہ عزائم سے بخوبی آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نائب صدر بھارت کے دورے پر ہیں اور اسی دوران بھارت نے پہلگام میں فالس فلیک آپریشن کا ڈرامہ رچا کر دنیا کی آنکھوں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی ہے لیکن بھارت کے ان مکروہ عزائم کی قلعی جلد دنیا کے سامنے آشکار ہو جائے گی۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی مقبوضہ کشمیر میں یا بھارت کے اندر مختلف فالس فلیگ اپریشن کر کے اُس کا الزام پاکستان پر لگاتا رہا ہے۔
بھارت پہلگام میں ہونے والے اس واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانے کے بجائے صاف اور شفاف تحقیقات کروائے اور اس میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
بیرسٹر سلطان نے کہا کہ ہم فائرنگ سے جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور اس واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم امن پسندقوم ہیں اور اس طرح کے دہشتگردی کے واقعات دنیا میں جہاں کہیں بھی ہوں تو ہم اس کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ مودی کی سازش،بھارتی ایجنسیوں نے ہی قتل عام کرایا، کشمیری قیادت