ایڈہاک وعارضی ملازمین کی مدت ملازمت میں 3ماہ کی توسیع

مظفر آباد:حکومت آزادکشمیر نے ایڈہاک،عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں30جون 2025 تک توسیع کردی۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر کی منظوری سے توسیع ایسے ملازمین کی مدت ملازمت میں کی گئی ہے جو بوقت ابتدائی تعیناتی/تقرری مروجہ قواعد کے تحت مطلوبہ تعلیمی قابلیت کے حامل تھے۔

4300 سے زائد کنٹریکٹ ،ایڈہاک اور عارضی ملازمین گزشتہ 3سال سے غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہیں اور بار بار احتجاج پر مجبور ہیں،حکومت آزادکشمیر ان ملازمین کے مستقبل کا حتمی فیصلہ کرنے کے بجائے ہر تین ماہ بعد 3 ماہ کی توسیع دے کر وقت گزاررہی ہے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے دور میں سروسز ایکٹ کے تحت ملازمین کو مستقل کیا تھا مگر تحریک انصاف نے برسر اقتدار آتے ہی یہ ایکٹ منسوخ کردیا تھا جس پر ملازمین نے ریاست گیر احتجاج کیا ۔

حکومت نے ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے کمیٹی قائم کی لیکن حکومتی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ نہیں کرسکی جس پر 4300 ملازمین کا مستقبل ابھی تک سوالیہ نشان ہے۔

ایڈہاک ملازمین مستقلی کیلئے کئی باراحتجاج کر چکے لیکن حکومتی کمیٹی ان کے مستقل کا فیصلہ نہیں کرسکی اور اجلاس اجلاس ہی کھیلا جا رہا ہے۔

Scroll to Top