میرپور:ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یاسر ریاض نے لوگوں کی طرف سے رقبہ خالصہ سرکار، رقبہ شاملات، مفادعامہ، رقبہ واپڈا، رقبہ محکمہ نہر، رقبہ کسٹوڈین، رقبہ محکمہ انڈسٹریز، رقبہ جنگلات وغیرہ پر نا جائز اور غیر قانونی کٹائی کر کے تعمیرات کرنے پر نوٹس لیتے ہوئے دفعہ 144ض ف کے تحت پابندی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روز بروز بلا استحقاق اور غیر قانونی طورپر قبضہ جات کا رجحان بڑھ رہا ہے جس سے آئے روز لڑائی جھگڑے اور امن عامہ میں خلل پیدا ہو رہا ہے جس سے سرکاری خزانے کو نقصان کے علاوہ نقص امن کا احتمال بھی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق کوئی شخص /اشخاص ضلع میرپور کی حدود میں سے رقبہ خالصہ، رقبہ شاملات، مفید عام، رقبہ واپڈا رقبہ محکمہ نہر رقبہ کسٹوڈیں، رقبہ محکمہ انڈسٹریز، اور جنگلات وغیرہ پر نا جائز اور غیر قانونی کٹائی کر کے تعمیرات نہیں کریگا
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص / اشخاص اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یا اس کی ترغیب دیتے ہوئے پایا گیا تو اُسکے خلاف کارروائی زیر دفعہ 188 آزاد پینل کو ڈ عمل میں لائی جائے گی جو قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں ضلع کے جملہ افسر حلقہ جات / نائب تحصیلدارصاحبان فوجداری کارروائی عمل میں لائیں گے۔یہ پابندی تاریخ اجراء سے دو ماہ تک نافذ العمل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع بھمبر کی وادی سماہنی میں جنگلات کو آگ سے بچانے کے لیے 15 اپریل سے فائر سیزن کا آغاز، دفعہ 144 نافذ