مظفر آباد:مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر، سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید نے مسلم کانفرنس اور ن لیگ آئندہ الیکشن مل کر لڑیں گی، یہ پاکستان میں ہونیوالے الیکشن میں طے ہوچکا ہے۔
کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے انٹرویو میں ثاقب مجید راجا کا کہناتھا کہ وفاق میں الیکشن ہوئے تو اس وقت کے صدر مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان کا ملاقا ت میں اکٹھے چلنے کا اتفاق ہوا ،میں اور سعد رفیق بھی ملاقات میں موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے کھل کر کہا تھا کہ مسلم کانفرنس اور مسلم لیگ ن دونوں ایک ہی ہیں،ہم چاہتے ہیں وفاق اور آزادکشمیر میں مل کر چلیں، ہمارا40سالہ تعلق ہے، کسی وجہ سے دوریاں پیداہوئیں تھیں۔
ثاقب مجید راجا کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن اور مسلم کانفرنس مل کر چلیں گی تو مضبوط حکومت قائم ہوگی اور آزاد کشمیر کی عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد اسی صورت بحال ہو گا کہ مسلم کانفرنس کو مضبوط کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے حکومت میں ہونے سے آزاد کشمیر میں سیاسی خلفشار اور افراتفری ہے، عام انتخابات کا بروقت ہونا ضروری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی تقرری جلد ازجلد ہونی چاہئے اور انتخابات بروقت کرائے جائیں،الیکشن کا بروقت انعقاد اس لئے بھی ضروری ہے کہ ایم ایل ایز کی حکومت بن گئی ہے جس کی وجہ سے نظریاتی خلفشار اور انتشار پیداہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو سازشی عناصر اور سازشی وفاقی جماعتوں نےکمزور کیا جس کی وجہ سے آزادکشمیر کا حکومتی نظام کمزور ہو کر اس نہج پر پہنچ گیا ،موجودہ حکومت میں ایم ایل ایز کی بلیک میلنگ ہے اس میں انوارالحق اکیلے قصور وار نہیں ہیں۔
سابق امیدوار اسمبلی کا کہنا تھا کہ راجہ فاروق حیدر اور سردار عتیق خان پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیںکہ موجودہ وقت میں کردار ادا کریں، دونوں کیلئے ضروری ہے کہ کردار اداکریں کیونکہ آزادکشمیر کے عوام ان سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر پر غیر اعلانیہ سمجھوتہ کیا جس پر کشمیری دلبراشتہ تھے لیکن موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آرمی چیف بننے کے بعد کشمیر پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرنے سے کشمیریوں کے اندر ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
اوورسیز کشمیریوں کے کنونشن میں بھی آرمی چیف نے حوصلہ افزا گفتگو کی ہے، آرمی چیف کے بیان سے کشمیر کے لوگوں کو حوصلہ ملا ہے۔
یاد رہے کہ ثاقب مجید راجا کا تعلق حلقہ کھاوڑہ مظفر آباد سے ہے اور گزشتہ انتخابات میں انہوں نے سپیکر لطیف اکبر سے تکڑا مقابلہ کیا تھا، اب کی بار وہ ن لیگ اور مسلم کانفرنس کے اتحاد کی صورت میں مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق راجہ فاروق حیدر خود بھی اتحاد چاہتے ہیں کیونکہ انہیں اشفاق ظفر کی طرف سے سخت مقابلے کاسامنا ہے ، گزشتہ انتخابات میں اشفاق ظفر چند سو ووٹوں سے ہارے تھے ، انہوں نے دھاندلی کا الزام بھی لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم کانفرنس پھر سے زندہ؟اتحاد پر ن لیگ کا کیاہوگا؟سید ابرار حیدرکا تجزیہ، اہم انکشافات