حج کیلئے پرمٹ کا حصول لازمی ہے،وزارت حج کا انتباہ

ریاض:وزارت حج و عمرہ نے فریضہ حج ادا کرنے کے خواہش مندوں سے کہا ہے کہ حج کیلئے پرمٹ کا حصول ضروری ہے۔ پرمٹ حاصل کرنے کیلئے یونیفائیڈ پورٹل ’’تصریح‘‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اےکے مطابق وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج ادا کرنے کے خواہش مندوں سے کہا ہے کہ حج امور کو بہتر بنانے اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حج پرمٹ کی شرط عائد کی گئی ہے تاکہ دوران حج کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارت نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حج ویزے کے علاوہ کسی قسم کے ویزے پر آنے والوں کو حج کی اجازت نہیں۔ پرمٹ کے بغیر حج کرنے کی کوشش کرنے والے ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔

وزارت حج نے فرضی حج اداروں کے حوالے سے جعل سازوں سے بھی ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر حج کے حوالے سے فرضی کمپنیوں کے ناموں سے جعل سازوں سے خبردار رہیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مملکت میں مقیم غیرملکی بھی ان جعل سازوں کے چکر میں نہ آئیں جو حج ایام میں مشاعر مقدسہ میں قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کرنے کے دعوے کرتے ہیں۔

فرضی حج اداروں اور جعل سازوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کیا جاسکتا ہے جس کے لیے مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی ریجن کے لیے ٹول فری نمبر 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں سے 999 پر اطلاع فراہم کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حجاج کی سہولت کیلئے بڑا اقدام: منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں آرام گاہیں بنانے کا فیصلہ

Scroll to Top