ہٹیاں بالا سمیت آزادکشمیر بھر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال ،عالمی ضمیر جھنجوڑ کر رکھ دیا

ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)مظلوم فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی درندگی کے خلاف جہلم ویلی میں مکمل شٹر ڈاؤن،پہیہ جام ہڑتال، بھرپور احتجاجی مظاہروں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔۔

ہٹیاں بالا، چناری، چکار، وادی لیپہ، اور چکوٹھی سمیت جہلم ویلی کے تمام چھوٹے، بڑے بازار احتجاجا بند رہے، جبکہ سڑکوں پر نکلنے والے ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کو سرینگر مظفرآباد روڈ پر پھینک کر آگ لگا دی۔۔

احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نسل کشی،انسانیت کا قتل ہے،تاریخ میں شاید ہی ایسی بربریت کی کوئی اور مثال ملتی ہو۔ مقررین نے مسلم حکمرانوں کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی امت مسلمہ متحد نہ ہوئی، تو کل روزِ قیامت یہ خاموشی ان کیلئے وبال جان بن جائے گی

انہوں نے عالمی طاقتوں کی منافقانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا واقعی انسانی حقوق کی علمبردار ہے تو فلسطین میں بہتے معصوم خون پر کیوں چپ سادھ لی گئی ہے؟کشمیری عوام نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف فلسطینی عوام کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے بلکہ ہر فورم پر ان کا مقدمہ بھی لڑیں گے۔

ریلیوں کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز،آزاد کشمیر اور فلسطینی پرچم لیے ہوئے تھے، جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے،دعاؤں کے روح پرور اجتماعات بھی منعقد کیے گئے، جہاں معصوم بچوں،جوانوں اور بزرگوں نے اشک بار آنکھوں سے مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعائیں کیں۔۔

ہٹیاں بالا میں منعقدہ مظاہرہ میں مقررین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ضلع بھر کے بازاروں سے اسرائیلی مصنوعات کو ختم کرنے کے لیے ٹائم فریم دے بصورت دیگر عوام خود بازاروں سے اسرائیلی مصنوعات کو اٹھا کر تلف کردیں گے۔

جہلم ویلی کی فضااسرائیل مردہ باد،امریکہ کا ساتھ،ظلم کا ساتھ،فلسطین زندہ بادجیسے نعروں سے گونج اٹھی،ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا میں سابق چیئر مین میر پور تعلیمی بورڈ آزاد کشمیر پروفیسر قاضی ابراہیم چشتی،سید فیاض کاظمی،سید فیصل گیلانی،سید احسان الحسن گیلانی، لیاقت علی اعوان،آصف مغل،سجاول خان، شیخ ممتاز، ممتاز اعوان، تیمور بیگ، نذید قریشی، غضنفر قادری،چناری میں پروفیسر میر خالد لطیف،مولانا فرید احمد،مولانا مقصود کیانی، مولانا جمیل جامی، مولانا مختار کیانی،مولانا عادل خورشید، چوہدری منظور احمد،راجہ شہزاد گل،خواجہ عاصم بشیر، سید نورالحسن کاظمی،سید عمران ہمدانی،چکوٹھی میں شبیر عباسی،راجہ قاصد،چکار میں عارف ڈار،ممبر ضلع کونسل راجہ پرویز اقبال ایڈووکیٹ،،منیب چکاروی،ملک بشیر ایدمنسٹریٹر چکار،مولاناعبدالقدوس نقشبندی،وادی لیپہ میں ممبر ضلع کونسل جہلم ویلی بشیر عالم اعوان اور دیگر کی قیادت میں بچوں، بزرگوں، نوجوانوں،اور طلباء سمیت ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی،
آزادکشمیرکی ماتحت عدلیہ نے بڑا سنگ میل عبور کر لیا،کیسزکا نظام آن لائن

Scroll to Top