مرکزی رہنماپیپلزپارٹی سینیٹر تاج حیدر 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر تاج حیدر مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر علالت کے بعد 83 برس عمر میں انتقال کرگئے۔اہل خانہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

مرحوم تاج حیدرپیپلز پارٹی کے ان چند ممتاز رہنماؤں میں شامل تھے جن کا تعلق اس کی انٹیلیجنشیاء اور دانشور کلاس سے تھا۔ ان کا شمار ان افراد میں ہوتا تھا جنہوں نے پیپلز پارٹی کی نظریاتی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مرحوم نہ صرف ایک سیاستدان بلکہ ایک دانشور، مصنف اور تجزیہ کار بھی تھے جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل پر مدلل اور باوقار انداز میں آواز بلند کی۔ تاج حیدر نے جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کیا۔

وہ پیپلز پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل بھی رہے اور پارلیمانی سیاست میں ان کی شرکت ہمیشہ نظریاتی رہنمائی کا ذریعہ رہی۔ انہوں نے حال ہی میں سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخابات کے انعقاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا تاکہ جمہوری عمل میں تسلسل برقرار رہے۔
پارٹی رہنمائوں کا کہنا کہ تاج حیدر کی وفات پاکستان پیپلز پارٹی اور قومی سیاست دونوں کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

یاد رہے کہ تاج حیدر 8 مارچ 1942 کو کوٹہ، راجستھان کے علمی گھرانے میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول، رنچھور لائنز کراچی سے حاصل کی۔
تاج حیدر فنونِ لطیفہ کے میدان میں آئے اور ٹیلی وژن کے لیے بھی لکھا اور مختلف اخبارات میں کالم بھی تحریر کیے۔
انہوں نے اپنے ڈراما سیریل آبلہ پا میں پروفیسر آڈی والا کا کردار ادا کیا تھا۔
تاج حیدر نے 1967 کے سوشلسٹ کنونشن میں شرکت کی اور 1967 میں باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، ان کا شماراس دور کے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں ہوتا ہے۔
انہیں 2012 میں ستارہِ امتیاز برائے سائنسی خدمات سے نوازا گیا جبکہ 2006 میں 13واں پی ٹی وی ایوارڈ برائے مصنف بہترین ڈراما سیریل بھی دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی آذادکشمیر کی کارروائیاں جاری، ناقص صفائی پر فاسٹ فوڈ کی مشہور چین سیل

Scroll to Top