باغ، کانسٹیبل کو شہید کرنیوالا ایک دہشتگرد گرفتار،4 جنگلات میں روپوش،دہشتگردی کا الرٹ جاری

باغ: باغ پولیس نے شجاع آباد چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں حملہ کرکے کانسٹیبل سجاد ریشم کو شہید کرنیوالے دہشتگرد اسامہ اسلم کو گرفتار کر لیا، ملزم سے اسلحہ اور گرنیڈ بھی برآمدہوئے۔

باغ پولیس کے مطابق کانسٹیبل سجاد ریشم کو تقریباً 5ماہ قبل شجاع آباد چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں دہشتگردوں کی جانب سے گولیاں مار کرشہید کیا گیاتھا۔

دہشتگردی میں ملوث اہم ملزم اسامہ اسلم گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اس ملزم کے دیگر 4 ساتھی ابھی بھی نانگا پیر ،سیری جنگل ، بھٹی شریف اور ملحقہ چکار کے جنگلات میں چھپے ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان میں 2افغانی چھوٹے لڑکوں کے علاوہ زرنوش نسیم عرف قاسم سکنہ جہیڑھ غنی آباد باغ اور الفت عرف حنظلہ سکنہ منڈی بہائوالدین شامل ہیں۔

پولیس نے خبر دار کیا ہے کہ یہ خطرناک دہشتگرد کسی بھی وقت آزاد کشمیر بالخصوص باغ میں کسی بھی بڑی تخریب کاری کا موجب بن سکتے ہیں۔

عوام الناس بالخصوص عوام علاقہ بھٹی ، بیس بگلہ، جہیڑھ ، چکار ، سری، نون بگلہ ، رحیم کوٹ ، پریم کوٹ ،لوہر کوٹ، چکار، سرمیا سے تعلق رکھنے والے افراد سے گزارش ہے کہ وہ خود بھی ان عناصر سے محفوظ رہیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ملزمان سے متعلق اطلاع/معلومات ان نمبرات پر دیں۔ اطلاع دینے والے کانام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ۔فون نمبرSSP آفس باغ05823930005
واٹس ایپ نمبر  03558301200 , 03455510373 , 03455710893

یادرہے کہ گزشتہ دنوں آزادپتن چوکی پر بھی ایک دہشتگرد گرفتار کیا گیا تھا جس سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

Scroll to Top