ایکشن کمیٹی ایس اوپیز کے تحت چلتی، کسی ایک شخص کی بات کو بیانیہ بنا لینا زیادتی ہے، شوکت نواز میر

مظفر آباد:جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر کور کمیٹی شوکت نواز میر نے کہا ہے کہ شہداء جنہوں نے اس ملک کیلئے جان قربان کی وہ ہمارے لئے قابل فخر ہیں، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایس اوپیز کے تحت چلتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کور ممبر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے یونین کونسل دبن میں ممبران سے حلف لینے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہجموں وکشمیرجوائنٹ ایکشن کمیٹی کیلئے بھی یہ فخر ہے کہ جس جگہ آج ہم کھڑے ہیں وہ غازیوں اور شہدائے کا علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایک شخص کی طرف سے کی جانے والی بات کو بیانیہ بنا لینا بھی زیادتی ہے،سہولت کارمختلف طریقوں سے لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

آج کل سوشل میڈیا کے ذریعے، علاقوں میں چہ میگوئیاں کرکے ، علاقے، برادریوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،ایکشن کمیٹی کے ایس اوپیز چارٹرآف ڈیمانڈ ہیں۔ہماری تحریک غیر سیاسی ، غیر نظریاتی ہے۔

سیاستدانوں والی مفاداتی اور گندی سیاست کبھی کرینگے،ممبر جوائنٹ ایکشن کمیٹی

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ایکشن کمیٹی سیاسی ہے تو میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری سیاست اورآپ کی سیاست میں بہت فرق ہے،ہماری سیاست مفادات کی نہیں عوامی حقوق کی سیاست ہے۔

شوکت نوازمیر کا کہنا تھا کہ سیاستدان مفادات کی سیاست کرتے ہیں، پارٹیوں کی سیاست کرتے ہیں، اپناپیٹ پالنے کی سیاست کرتے ہیں، اپنی نسلوں کو پالنے کی سیاست کرتے ہیں۔

ہم ایک دوسرے کے حقوق، اجتماعی حقوق کی سیاست کررہے ہیں،ہم غریب کےحقوق کی سیاست کررہے ہیں،یہ اجتماعیت کی سیاست ہے، سستا آٹا، سستی بجلی سب استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حقوق کی سیاست کرتے رہیں گے،گندی سیاست کبھی نہیں کرینگے،ہم ملک واداروں کو برابھلا کہے بغیربنیادی حقوق کی تحریک جاری رکھیں گے جبکہ ایکشن کمیٹی نے الیکشن لڑنے کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاستدان مفادات کیلئے باریاں لگاتے رہے، اشرافیہ کی مراعات خاتمے کیلئے جلد احتجاجی تحریک چلائیں گے ، شوکت نوازمیرکااعلان

Scroll to Top