وزیراعظم افتخار گیلانی کا دورہ میرپور،منگلا پل انٹری پوائنٹ پر فقیدالمثال استقبال

میرپور: وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی میرپور آمد پر منگلا پل انٹری پوائنٹ پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور شہریوں نے ان کا شاندار اور فقیدالمثال استقبال کیا۔

 اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اپنے قائد کا خیرمقدم کیا اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں:سڑکوں کا جال، الیکٹرک بسیں، صحت و تعلیم،روزگار ترجیح ،وزیراعظم گیلانی کا بڑا اعلان

منگلا پل پر وزیراعظم آزادکشمیر کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ استقبال کے لیے آنے والے عوام اور پارٹی کارکنوں کا جم غفیر موجود تھا۔ وزیراعظم افتخار گیلانی کی آمد پر منگلا انٹری پوائنٹ پر بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

استقبالیہ موقع پر سابق وزیر حکومت و ممبر اسمبلی چوہدری رخسار، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری صعیب سعید، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) چوہدری جاوید قادر، سٹی صدر فاروق چوہان اور چیئرمین مسلم لیگ (ن) اوورسیز چوہدری جہانگیر سمیت پارٹی عہدیداران، کونسلرز اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، وزیر صحت مصطفیٰ بشیر عباسی اور وزیر برقیات راجہ ثاقب مجید بھی وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ موجود تھے۔

منگلا پل پر استقبال کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی بڑے عوامی قافلے کے ہمراہ میرپور شہر کی جانب روانہ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:تھرڈ پارٹی کے ذریعے روزگار،کاروبار،سیاحت کا فروغ اولین ترجیح، وزیراعظم افتخار گیلانی

 مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے قافلے میں شرکت کرکے اپنے قائد کے استقبال کو یادگار بنا دیا۔