راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے جرم میں ایکشن کمیٹیوں کے رہنماؤں پر بغاوت، توہین اور نفرت پھیلانے کے مقدمات درج کرکے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
جن افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ان میںارسلان ساکنہ ٹانڈہ گھمبیر ، یاسف خان سکنہ ساوہ ناہی، حماد سدوزئی سکنہ رکڑ، عبدالباسط عباسی ساکنہ جھاوڑہ ، عبدالسمیع ، قدیر جرنلسٹ اور دیگر اشخاص نے جن کو ابھی ٹریس کیا جارہا ہے نے پاک فوج کے خلاف انتہائی نفرت انگیز اور بے بنیاد جھوٹی من گھڑت پوسٹیں سوشل میڈیا پر کی ہوئی ہیں جن کے سکرین شارٹس بھی موجود ہیں ۔
ملزمان نے پاکستان مخالف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر پاک فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کی جس کیخلاف درخواست درج کردی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے دو الگ الگ مقدمات میں عوامی ایکشن کمیٹی اور سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے 2 کور ممبران کو گرفتار کر لیا ہے۔
ارسلان نامی نوجوان کو ہجیرہ پولیس نے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مذکورہ افرادکے خلاف پاک فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف نفرت پھیلائی اور فیک نیوز پھیلا کر ادارے کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش کی جبکہ غلام مجبتیٰ نامی ملزم کیخلاف الزام ہےکہ انہوں نے راولاکوٹ میں ایکشن کمیٹی کے افطار پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے بغاوت اور نفرت پھیلانے جیسا اقدام کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق دونوں ملزم نے دھمکیاں دیں کہ یہ بلوچستان نہیں ہے، وہاں سے لاشیں واپس آجاتی ہیں۔ یہاں تمہاری گردنیں کٹیں گی اور لاشیں بھی نہیں ملیں گی، لاشیں تمہیں منگلا ڈیم سے ملیں گی۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے عوام کو اشتعال دلاتے ہوئے بغاوت کا ارتکاب کیا ہے۔