بھمبر:وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی رہائش گاہ پر تیسرے روز بھی شہریوں کا تانتا بندھا رہا۔شہریوں نے وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے عید کے تینوں دن اپنی رہائش گاہ پر شہریوں کے لیے دروازے کھلے رکھے اور شہریوں سے ملاقاتیں جاری رکھیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے شہریوں سے ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کئے ، شہریوں نے وزیر اعظم کے اس عوامی اقدام کی بھرپور پذیرائی کی ہے۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر کہاکہ عوام کے مسائل کوحل کرنا انکاعزم ہے۔ریاست بھر کے عوام کی بلاتفریق خدمت مشن ہے،حکومت آزادکشمیرنے اجتماعی سطح پرعوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے،اجتماعی نوعیت کے کاموں پرزیادہ توجہ دی ہے ۔اداروں کو درست سمت پر ڈالنے سے ریاست میں تعمیر و ترقی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 97 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تاریخی ہیلتھ پیکج دیا۔ موجودہ حکومت میرٹ پرکام کررہی ہے،سٹیٹس کو کو توڑا ہے۔میرٹ پر تقرریاں ہوئیں۔3100 امیدواران این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر لگے۔
پی ایس سی کو شفاف انداز میں فعال کیا۔سوشل پروٹیکشن فنڈ سے مایوس و بےحال طبقے کی سرپرستی ریاست نے کی،حکومت آزادکشمیر ریاست بھر میں عوام کو ترقی کے یکساں مواقع دے رہی ہے،وسائل کی منصفانہ تقسیم کی گئی ہے۔