سعودی عرب کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کرینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک اعلان

  ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کو عملی شکل دینے اور اس کے اجتماعی دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے تحت طے شدہ افواج اور فوجی صلاحیتوں کو فوری طور پر سعودی عرب میں تعینات کیا جا سکے گا۔ ان اقدامات میں فوجی تیاریوں کی سطح بلند کرنا، عسکری انضمام کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور صرف دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لیے باہمی رابطہ کاری شامل ہے۔

عرب اخبار ’’الشرق الاوسط‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کی بنیاد پر مملکت سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کا دو بار تہران جانا مثبت پیشرفت ،امریکا ایران ثالثی پر محتاط انداز میں پرامید ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل اور ناقابلِ سمجھوتہ ہے۔

سعودی عرب میں پاکستانی افواج اور فوجی صلاحیتوں کی موجودگی سے متعلق سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں اور مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں بنیادی طور پر دفاعی معاونت، مشترکہ مشقیں اور فوجی تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دفاعی مقاصد کے لیے درکار ہر قسم کی معاونت فراہم کرتا رہے گا، چاہے وہ فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت یا لاجسٹک (انتظامی و رسد) کی فراہمی کی صورت میں ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی مقاصد کے لیے درکار ہر قسم کی معاونت جاری رکھے گا، خواہ اس کا تعلق فوجی اہلکاروں کی فراہمی، عسکری صلاحیتوں، تربیت یا لاجسٹک معاونت سے ہو۔

سعودی عرب میں پاکستانی فوجی موجودگی بڑھانے یا اضافی دفاعی صلاحیتیں فراہم کرنے، بالخصوص فضائی اور میزائل دفاعی نظام اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ضروری معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم اس حوالے سے مخصوص تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی اتحاد اپنے فوجیوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات عام نہیں کرتے۔

مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے فوجی اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حملوں کے بعد اتحاد کی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیراسمبلی اجلاس، پاک فوج، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں قراردادیں منظور

انہوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں، شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں، جبکہ ان سے علاقائی استحکام اور شہریوں کی سلامتی بھی متاثر ہوتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ان حملوں پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں تحمل، کشیدگی میں کمی اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کو ترجیح دی جانی چاہیے، کیونکہ کشیدگی میں مزید اضافہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔

سفارتی محاذ پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے نمائندوں اور ایران کے درمیان 26 اکتوبر کو تہران میں ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک قائم کرنا اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اس ملاقات میں شرکت اور اس سے چند روز قبل ان کا دورہ ایران اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان خطے میں مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہے۔

ان کے مطابق اجلاس میں شریک فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چاروں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں کردار ادا کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گاتاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی دوسرے مخصوص معاہدے یا فیصلے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کے لیے ایک بنیادی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ یہ دونوں ممالک کی گہری تاریخی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں باہمی تعاون کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سرحدوں کے محافظ میدانِ خدمت میں بھی پیش پیش، وادی لیپہ کے چنیاں میں پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ

ان کے مطابق اس دوطرفہ معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب اپنی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، ایک دوسرے کی سلامتی یقینی بنانے اور دفاعی تعاون کو عملی طور پر جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، تاکہ دونوں ممالک کی خودمختاری اور اہم قومی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ دونوں معاہدے مکمل طور پر دفاعی نوعیت کے حامل ہیں اور ان کا مقصد کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم کو آگے بڑھانا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں تینوں ممالک اجتماعی دفاعی صلاحیت اور ممکنہ خطرات کے مقابلے میں مشترکہ دفاعی قوت کو مضبوط بنانے، فوجی انضمام کو مزید گہرا کرنے اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔