اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر نے کہا کہ حکومت نے طویل مشاورت کے بعد نئی آٹو پالیسی کی منظوری دیدیہے
جس کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی آئے گی، جبکہ آٹو سیکٹر کی برآمدات کو 20 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 6 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مشیر وزیراعظم ہارون اختر نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور آٹو انڈسٹری لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور: سرکاری اراضی پر قبضہ، غیر قانونی کٹائی، تجاوزات پرپابندی، دفعہ 144نافذ
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے آٹو سیکٹر کے لیے پالیسیاں بنائی جا رہی تھیں، لیکن اس کے باوجود برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکا۔
اس مرتبہ برآمدات پر مبنی پالیسی کی تیاری کے لیے بہت محنت کی گئی ہے اور نئی آٹو پالیسی میں گاڑیوں کی برآمدات کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔
ہارون اختر کے مطابق نئی پالیسی کے تحت آٹو سیکٹر کی برآمدات کو موجودہ 20 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 6 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ برآمدی اہداف پورے نہ کرنے والے مینوفیکچررز پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
نئی آٹو پالیسی کے نفاذ سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی، جس کا فائدہ بالخصوص متوسط اور اعلیٰ آمدنی والے طبقے کو ہوگا۔




