سماہنی :آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی کے جنگلات میں آگ لگ گئی جس کے باعث جنگل کا ایک وسیع حصہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
محکمہ جنگلات کے ترجمان کے مطابق آگ سے قیمتی درخت جل گئے ہیں جبکہ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار اور سول سوسائٹی کے رضاکار آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اب تک آگ مکمل طور پر بجھائی نہیں جا سکی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سماہنی کے جنگلات میں آگ لگی ہو۔ جون 2022 میں بھی کئی روز تک جنگلات میں آگ بھڑکتی رہی جس کے نتیجے میں درجنوں چیڑھ کے درخت جل گئے تھے۔ اس وقت جنڈی چونترہ، کالچھ، خضر نگر، ٹورسٹ ریسٹ ہاؤس اور فیملی پارک کے قریبی علاقے آگ کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔ آگ سے سیاحتی مقام جنڈی چونترہ میں ایک بجلی کا ٹرانسفارمر بھی زمین پر گر گیا تھا جس کی وجہ سے بجلی کا نظام معطل ہو گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنگلات میں آگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔