اسلام آباد: پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگاجس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
ملک بھر میں صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے علاقوں میں ہوں گے جہاں سے ملنے والی شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق شوال کا چاند گزشتہ روز پاکستانی وقت کے مطابق 3 بج کر 58 منٹ پر پیدا ہو چکا تھا اور آج غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی جو چاند دیکھنے کے لیے سازگار ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں آج چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عید الفطر کی تیاریاں مکمل! سدھنوتی میں نمازِ عید کے مقامات اور اوقات کا اعلان
دوسری جانب ملک میں بعض افراد آج ہی عید منا رہے ہیں۔ بوہری کمیونٹی نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہےجبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان بھی آج عید منا رہے ہیں۔
ادھر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے جبکہ یورپ، برطانیہ اور کینیڈا میں 31 مارچ کو عید متوقع ہے۔