گلگت بلتستان میں ڈوگرہ راج کے خلاف تاریخی جدوجہد اور آزادی کی 79ویں سالگرہ قومی جوش و جذبے سے منائی گئی۔مرکزی تقریب گلگت کے چنار باغ میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ امجد حسین نے قومی پرچم لہرایا۔
گلگت بلتستان پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے تحریکِ آزادی 1947 کے شہدا کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیری قائدین اسمبلی اجلاس بلا کر گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اٹھائیں، سپیکر عمران ندیم
وزیراعلیٰ امجد حسین نے یکم نومبر کو گلگت بلتستان کی تاریخ کا اہم اور یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن آزادی، قربانی، اتحاد اور حب الوطنی کی علامت ہے۔
انہوں نے ڈوگرہ راج کے خلاف جدوجہد کرنے والے عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزادی کے بعد گلگت بلتستان کا پاکستان سے الحاق عوام کی ملک سے محبت کا اظہار تھا۔
وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کو ترقی یافتہ خطہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، مسلسل کوششوں، موثر منصوبہ بندی اور اچھی حکمرانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے فرقہ وارانہ، لسانی اور گروہی تعصبات سے بالاتر ہو کر کام کرنے، برداشت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت، بداعتمادی اور تقسیم پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔
امجد حسین نے معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات اور باعزت روزگار کو حکومت کی اہم ترجیحات قرار دیا، جبکہ خواتین کو تعلیم، ہنرمندی اور معاشی سرگرمیوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر کو نقصان نہیں پہنچے گا،وزیراعلیٰ امجد حسین
گورنر سید مہدی شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کی آزادی شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یکم نومبر کو تاریخی اور خوشی کا دن قرار دیتے ہوئے آزادی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آزادی کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے۔




