سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں شاداب خان کی عمدہ سنچری کی بدولت پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے جبڑوں سے یقینی فتح چھین لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلش ٹیم کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46اعشاریہ 4 اوور میں 241 رنز بنا کرڈھیر ہوگئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سہ ملکی ون ڈے سیریز: قذافی اسٹیڈیم میں آج پاکستان اور انگلینڈ کا بڑا معرکہ
پہلے ہی اوور کی 5ویں گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے ٹام بینٹن کو 4 رنز پر پویلین کا راستہ دکھا دیا، اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور میں جو روٹ کو بھی 5 رنز پرچلتا کیا جبکہ پانچویں اوور کے دوران ہیری بروک بھی رن آؤٹ ہوکر میدان بدر ہو گئے۔
انگلینڈ ٹیم کی چوتھی وکٹ حارث رؤف کے حصے میں آئی اور 52 رنز پر انگلینڈ کی ٹیم کے 4 پلیئرز واپس پویلین چلے گئے۔
52 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے باوجود انگلش اوپنر بین ڈکٹ نے بھرپور مزاہمت کی اور 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ سیم کرن 42 اور گس آکنٹسن 36 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں اور ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ ان کے علاوہ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بُری طرح ناکام رہا۔ محض 31 رنز پر فخر زمان 10، صائم ایوب 6، بابر اعظم 10رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سعد بیگ 32 اور سلمان علی آغا نے 26رنز بنا کر کچھ دیر مزاحمت کی لیکن انگلش باؤلرز نے تباہ کن باؤلنگ کے ذریعے 33.5 اوورز میں پاکستان کا اسکور 154 پر 9 وکٹیں کر دیا۔
اس نازک ترین موڑ پر شاداب خان نے ایک یادگار اننگز کھیلی۔ انہوں نے انگلش باؤلرز کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے صرف 96 گیندوں پر 13 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر تاریخ رقم کر دی۔
حارث رؤف نے 7رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے ،دوسرے اینڈ سے شاداب کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان نے 47.1اوورزمیں یہ سنسنی خیز ہدف حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی فتح کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن نے 3 جبکہ گس اٹکنسن اور لیام ڈاؤسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں: برینڈن میک کولم
واضح رہے بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے آج کا میچ پنک ڈے سے منسوب کیا گیا ہے، جس کے تحت قومی ٹیم گلابی کٹ پہن کر میدان میں اُتری تھی۔




