عمرہ اور ورک ویزے پر سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئے لازمی ویکسی نیشن کی شرط پر عمل درآمد کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
سعودی عرب جانے والوں کے لیے ویکسی نیشن کی شرط پر عمل درآمد کے حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے اور نئی ہدایات کے تحت کراچی ائیرپورٹ پر متعلقہ مسافروں کے لیے لازمی ویکسی نیشن اور اس کی تصدیق پر عمل درآمد 20 نومبر 2026 کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:عمرہ : مکہ اور مدینہ میں رش سے متعلق تازہ معلومات اب سمارٹ فون پر دستیاب
سرکلر کے مطابق سعودی عرب جانے والے متعلقہ مسافروں کے لیے گردن توڑ بخار (میننجائٹس)، انفلوئنزا اور پولیو کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے کم از کم 10 روز قبل مطلوبہ ویکسینیشن مکمل کرائیں اور مقررہ ضوابط کے مطابق ویکسی نیشن کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لازمی ویکسی نیشن اور ویکسی نیشن کارڈ کے بغیر سفر پر پابندی کے لیے 15 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اس مدت میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے سرکاری ڈسپنسری میں 24 گھنٹے ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جارہی تھی جہاں مسافر اپنی پرواز سے قبل مطلوبہ ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین اور دیگر متعلقہ مسافروں کی سہولت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کراچی ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاؤنج میں بھی ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:عمرہ زائرین کو غیرقانونی رہائش دینے پر 8 کمپنیوں کیخلاف سخت ایکشن
حکام کے مطابق نئی تاریخ کے تحت لازمی ویکسی نیشن کی شرط پر عمل درآمد شروع ہونے سے قبل مسافروں کو مطلوبہ ویکسی نیشن مکمل کرانے اور سفری دستاویزات کی تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ایئرپورٹ پر کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جاسکے۔




