آزادکشمیرپولیس کے 21 افسران اور اہلکاراعزازات کیلئے نامزد،3 شہداء کو قائداعظم میڈل دینے کا فیصلہ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)حکومت آزادکشمیر نے امن و امان کے قیام، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور دورانِ ڈیوٹی بہادری و فرض شناسی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران کو اعزازات سے نوازنے کی منظوری دیدی۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق آزادکشمیر کے 21 فرض شناس پولیس افسران اور اہلکاروں کو بہادری کے اعزازات کیلئے نامزد کر دیا جن میں تین شہداء بھی شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اعزازات ہفتہ، 24 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کی تقریب کے دوران دیئے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے حکومت کی ’سینٹرل سول ایوارڈز کمیٹی‘ کی سفارشات پرپولیس افسران واہلکاروں کو اعزازات دینے کی منظوری دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی کا مستقل حل ناگزیر،اگلا تصادم زیادہ تباہ کن ہوسکتا ہے، جنرل(ر) زبیر محمودحیات کا انتباہ

مزید برآں یہ اعزازات پولیس ملازمین کی بہادری، جرات، دلیری، فرض شناسی اور آزاد جموں و کشمیر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے دوران دی گئی قربانیوں کے اعتراف میں دیئے جا رہے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، پولیس کے 18 اہلکاروں کو ’صدارتی پولیس میڈل دیا جائے گا، جبکہ تین شہداء،سب انسپکٹر عنایت، کانسٹیبل فہیم نور اور کانسٹیبل محمد فیصل کو’قائدِ اعظم پولیس میڈل (QPM) سے نوازا جائے گا۔

یہ اہلکار پونچھ ڈویژن میں گزشتہ دو ماہ کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران کالعدم ’جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہونہار طالبہ ایمن اعجاز کا اعزاز،گولڈ میڈل،لیپ ٹاپ، اڑھائی لاکھ کا چیک مل گیا

دیگر نامزد افسران میں ڈی آئی جی راولا کوٹ ریجن جمیل احمد، ایس ایس پی  راولا کوٹ خاورعلی شوکت، اور ڈی ایس پی  سردار اعجاز اور طارق محمود شامل ہیں۔

اس کے علاوہ، ضلع پونچھ میں تعینات انسپکٹرز، سب انسپکٹرز ، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور کانسٹیبلز کو بھی ’پریذیڈینٹ پولیس میڈل‘ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

راولا کوٹ ریجن کے علاوہ، ضلع نیلم پولیس کے کانسٹیبل آصف اور ریزرو پولیس کے صلاح محمد کو بھی بہادری کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔