پسنی اور قلات میں آپریشنز، 4 دہشتگرد جہنم واصل ، میجر وجاہت وحید وطن پر قربان

انٹیلی جنس اداروں کے  ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے ’شادی کور‘ اور ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ آئی ای ڈی دھماکے میں میجر وجاحت وحید شہید ہو گئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے ’شادی کور‘ اور ضلع قلات کے علاقے جٹک آبادمیں ، بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ’فتنہ الہند‘ کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی عوام کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیےسکیورٹی فورسز ان علاقوں میں آپریشن کر رہی ہیں۔

پہلے واقعے میں، 18 اکتوبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:کرک میں پولیس پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، ایس ایچ او اور گن مین شہید

آئی ایس پی آر کے ماطبق اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے واقعے میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنزکئے۔ ان آپریشنز کے دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے34سالہ میجر وجاہت وحید کی قیادت میں آگے بڑھنے والے دستے کو ایک دیسی ساختہ بم (IED) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

میجر وجاہت وحید نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔

آئی آیس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے تلاشی اور صفائی کے آپریشنز جاری رہیں گے۔ ’نیشنل ایکشن پلان‘ پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کی گئی ’عزمِ استحکام‘ کی مہم کے تحت، دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائیاں پوری شدت اور رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔