اسلام آباد پولیس نے گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس تجدید کی سہولت متعارف کرادی

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن درخواستوں کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہری آج  سے آن لائن پورٹل کے ذریعے ان سہولتوں کے لیے درخواست دے سکیں گے اور انہیں درخواست جمع کرانے کے لیے لائسنسنگ دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ٹریفک پولیس: ڈرائیونگ لائسنس کی ارجنٹ فیس ختم، اجرا کے عمل میں تیزی

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کے ذریعے درخواست گزاروں کے گھروں پر پہنچائے جائیں گے جس سے شہریوں کو لائسنس وصول کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل فون نمبر فراہم کریں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ نامکمل یا غلط پتے کی وجہ سے ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

ٹریفک پولیس کے اعلان کے مطابق آج سے متعلقہ خدمات ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز پر دستیاب نہیں ہوں گی،شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لائسنسنگ مرکز جانے سے پہلے آن لائن پورٹل پر درخواست دینے کے طریقہ کار اور تازہ ہدایات کا جائزہ لے لیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق یہ اقدام انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل سہولتوں کو وسعت دینا اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار کو شہریوں کے لیے آسان بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا نیا اور سخت طریقہ کار نافذ، ای سائن اور روڈ ٹیسٹ کے لیے سخت مدت مقرر

پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن درخواستوں کے نظام سے شہریوں کا وقت بچے گا اور سرکاری خدمات تک رسائی مزید آسان ہوگی۔

 اسلام آباد پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر لرنر پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق آن لائن سہولتیں دستیاب ہیں۔ شہری درخواست دینے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس پورٹل سے رجوع کرسکتے ہیں۔