کینیڈا میں بھارت مخالف نعروں کی گونج،خالصتان ریفرنڈم میں ہزاروں سکھوں کی شرکت

ایڈمنٹن:کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں بھارت مخالف نعروں کی گونج سنائی دینے لگی، بھارت سے علیحدگی اور بھارتی پنجاب کو آزاد ریاست قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں خالصتان ریفرنڈم کی پولنگ ہوئی، البرٹا اسمبلی کے باہر ووٹنگ کیلئے امریکا اور کینیڈا سے ہزاروں سکھ ایڈمنٹن پہنچ گئے، پولنگ مرکز کے باہر طویل قطاریں لگ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:مودی کیخلاف سرگرم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کی جان کو خطرہ،ایف بی آئی نے آگاہ کریا

خالصتان ریفرنڈم میں سکھ برادری کی بڑی تعداد شریک ہوئی، ریفرنڈم کے مقام پر بھا رتی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، ریفرنڈم کی پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

خالصتان ریفرنڈم بیرونِ ملک سکھ تنظیموں کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایک سیاسی سرگرمی ہے، جس میں شرکا سے بھارتی پنجاب کو ایک آزاد ریاست بنانے کے مطالبے کے بارے میں رائے لی جاتی ہے۔

 اس تحریک کے حامیوں کا موقف ہے کہ سکھ برادری کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:مودی کو ایک اور بڑا دھچکا، خالصتان تحریک کو قانونی تحفظ مل گیا

اس سے قبل بھی خالصتان تحریک کی جانب سے کئی شہروں میں ریفرنڈم کروائے جا چکےہیں،خالصتان تحریک کے کئی سرگرم رہنمائوں کو بھارت کی جانب سے نشانہ بھی بنایا گیا ہے، گزشتہ سال کینیڈا اور بھارت کے اسی معاملے پرتعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔