کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ، فضل الرحمان کے بیان پر سردار شہزاد عزیز کا شدید ردعمل

ہجیرہ/پونچھ: امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے 19 ہجیرہ ٹو سردار شہزاد عزیز نے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج کے خلاف حالیہ بیانیے اور گفتگو پر گہرے دکھ اور شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔   

امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے 19 ہجیرہ ٹو سردار شہزاد عزیز نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ انہوں نے اتنے بڑے عالمِ دین اور مولانا مفتی محمود مرحوم کے بیٹے مولانا فضل الرحمان کا بیانیہ اور گفتگو سنی جس میں انہوں نے پاکستان کی آرمی کے خلاف انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے، جس سے انہیں دلی طور پر شدید دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سب کے سامنے ہیں جہاں بلوچستان کی صورتحال اور دیگر خطرات موجود ہیں، جبکہ پاک فوج کے افسران اور جوان مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور روزانہ شہداء کی لاشیں اٹھا رہے ہیں۔

ملکی حالات، سیکیورٹی اور بیرونی قوتوں کا کردار:

 سردار شہزاد عزیز نے کہا کہ ایسے نازک ترین وقت میں مولانا فضل الرحمان سے اس نوعیت کے بیانیے کی بالکل بھی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نہ جانے اس کے پیچھے کون سی قوتیں کارفرما ہیں جو ان کو پاک فوج کے خلاف بولنے پر اکسا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ یہ بات یاد رکھی جائے کہ اس وقت جو بھی شخص پاک فوج کے خلاف بات کرے گا، وہ فتنۃ الخوارج کی صف میں شامل ہوگا، کیونکہ اس وقت پوری پاکستانی قوم اور پوری کشمیری قوم یک زبان ہو کر اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کے بیان پر سردار زرین کا شدید ردعمل: پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے

عالمِ اسلام میں پاک فوج کا کردار اور تجدیدِ بیانیہ کی اپیل:

انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف ملک کی محافظ ہیں بلکہ وہ عالمی سطح پر بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں اور صیہونی قوتوں کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں، جبکہ سعودی عرب میں بیت اللہ شریف اور مدینہ طیبہ کی حفاظت کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ ایسے وقت میں جب ہر طرف افرا تفری کا عالم ہے، اتنے بڑے عالم دین کے بیٹے کی جانب سے ایسا بیانیہ سامنے آنا انتہائی افسوسناک ہے۔

 سردار شہزاد عزیز نے مولانا فضل الرحمان سے بار دیگر گزارش کی کہ وہ اپنے بیانیے پر ازسرِ نو غور کریں اور پاک فوج کے خلاف بولنے کے بجائے فوراً پاک فوج کی حمایت کا اعلان کریں، کیونکہ پوری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ “پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد، کشمیری زندہ باد”۔