واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درآمدی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آٹوموبائل انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی آٹو انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت اور مقامی صنعت کے فروغ کے لیے وہ ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک نے کبھی بھی ان سے ذاتی کاروباری فائدے کے لیے کوئی درخواست نہیں کی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس امکان کا اظہار کیا کہ چین پر عائد ٹیرف میں کچھ کمی کی جا سکتی ہے تاہم دیگر ممالک کے خلاف جوابی ٹیرف لازمی طور پر نافذ کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے اس موقع پر دواسازی کی صنعت کو واپس امریکا منتقل کرنے کے لیے بھی ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ دیا اور کہا کہ ملک میں کوئلے کی کانوں کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف نقصان کا باعث بن رہے ہیں۔