پشاورسکول کی چھت گرنے کا واقعہ، سیکرٹری تعلیم سمیت متعلقہ افسران طلب

پشاور میں سکول کی چھت گرنے کے واقعے پرگورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے معاملے کا جائزہ لینے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم تین رکنی کمیٹی نے اپنی انکوائری رپورٹ تیار کر لی ہےجو آج گورنر خیبرپختونخوا کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں کابل یا قندھار نہیں اسلام آباد کی پالیسی چلے گی، گورنر فیصل کنڈی

اجلاس کے دوران گورنر کو واقعے کی تحقیقات، اب تک سامنے آنے والی تفصیلات اور موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔اس کے علاوہ صوبے کے سکولوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے سیکرٹری تعلیم، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر پشاور اور مینیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ متعلقہ افسران گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا کو بریفنگ دیں گے۔

واقعے سے متعلق تیار کی گئی انکوائری رپورٹ میں اہم تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے جبکہ اجلاس میں اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت، حفاظتی انتظامات کی جانچ پڑتال اور ذمہ داریوں کے تعین جیسے امور بھی زیرِ غور آ سکتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پشاور میں ایپکس کمیٹی کا انتہائی اہم اجلاس طلب، بڑے فیصلے متوقع

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کا اہم مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت یقینی بنانے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام  کیلئے مؤثر اقدامات پر غور کرنا ہے۔