مظفرآباد : ڈپٹی کمشنر مظفرآباد و چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی مدثر فاروق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ضلعی آفیسران، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے آخری ایام اور عیدالفطر 2025 کے دوران امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کی تعطیلات جو 31مارچ تا02اپریل تک ہونگی کے دوران ایمرجنسی سروسز کے ادارے جن میں ضلعی انتظامیہ پولیس بلدیہ،برقیات، پبلک ہیلتھ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کے آفیسران و عملہ عید تعطیلات سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ایمرجنسی سروسز کے متعلقہ آفیسران اور سٹاف اپنے اپنے دفاتر میں موجود رہیں گے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت ہر ممکن کارواٸ کیلیے چوکس رہیں گے۔ دیگر ضلعی آفیسران اپنی موجودگی یقینی بنائیں گے اور غیر حاضری کی صورت میں متبادل آفیسر کی تفصیلات 28 رمضان تک فراہم کریں گے۔
دفتر ڈپٹی کمشنر میں مرکزی ضلعی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں پولیس، محکمہ شاہرات، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت کے نمائندگان تعینات کیے گئے ہیں جو چیف سیکرٹری آفس میں قائم کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے۔ پولیس نے عید اجتماعات کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان اور محکمہ صحت نے کنٹیجنسی پلان ترتیب دے دیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 نے واٹر ریسکیو ڈیوٹی روسٹر جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔
مزید برآں سب ڈویژنل مجسٹریٹ، محکمہ صنعت و حرفت اور محکمہ صحت اپنی متعلقہ حدود میں پیٹرول اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ میونسپل کارپوریشن عید کے دوران اہم سیاحتی مقامات اور قبرستانوں کی صفائی کے انتظامات کرے گی۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عید اجتماعات کے مقامات پر خطباء اور منتظمین کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، سب ڈویژنل مجسٹریٹ، ڈی ایس پی اور میونسپل مجسٹریٹ ہوٹل مالکان کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے سیاحوں سے زائد کرایہ وصولی کی روک تھام یقینی بنائیں گے۔ دفعہ 144 کے تحت ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، گداگری اور دریا میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہےجس پر پولیس سختی سے عمل درآمد کرے گی۔ محکمہ برقیات چاند رات اور عید اجتماعات کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ زائد کرایہ وصولی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ مجسٹریٹ سے رابطہ کریں۔ عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم سے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔




