آزاد کشمیر:ہسپتالوں میں ماہر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی روٹیشن کا نیا نظام متعارف

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر کے ویژن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد کے ماہر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی روٹیشن کا نظام متعارف کر دیا ۔

اس نظام کے تحت ہر ہفتے دو دن ماہر ڈاکٹرز مظفرآباد ڈویژن کے مختلف ضلعی ہسپتالوں میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔

، تاکہ عوام کو اپنے علاقوں میں بہتر طبی سہولیات میسر آئیں اور بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔

اس سلسلے میں پہلے مرحلے کے طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہٹیاں بالا میں ماہر ڈاکٹرز کی روٹیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے،

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرِاعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد: مظفرآباد میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام تیز

جہاں آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد کے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عدنان معراج کی سربراہی میں ہسپتال کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹرز نے او پی ڈی اور مختلف وارڈز میں مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں طبی مشاورت فراہم کی۔

دورے میں پروفیسر ڈاکٹر سرمد لطیف اعوان، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سرجری و سرجیکل اسپیشلسٹ، پروفیسر ڈاکٹر شوکت بخاری، میڈیکل اسپیشلسٹ، ڈاکٹر زاہد حسین میر شامل تھے۔

شعبہ میڈیسن، اور ڈاکٹر تنویر مغل، سرجیکل اسپیشلسٹ شامل تھے۔ ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں۔

اس نئے نظام کا بنیادی مقصد ضلعی سطح پر طبی سہولیات کو بہتر بنانا، مریضوں کو علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی مشکلات سے بچانا اور انہیں بروقت ماہر ڈاکٹرز کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام سے ضلعی ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانے اور مظفرآباد کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کے رش کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال نیلم اگلا مرحلہ

ماہر ڈاکٹرز کی روٹیشن کے اس پروگرام کے اگلے مرحلے میں ڈی ایچ کیو ہسپتال نیلم میں بھی یہ سہولت شروع کی جائے گی۔

جس سے ضلع نیلم کے عوام کو اپنے علاقے میں ماہر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات میسر آئیں گی۔

اس کے بعد مرحلہ وار میرپور، بھمبر اور پونچھ ڈویژن کے ضلعی ہسپتالوں تک بھی اس نظام کو وسعت دی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یومِ نجات: مظفرآباد میں عوام کا فساد، کرپشن اور بدامنی کے خاتمے کا عزم

وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر کی ہدایات کے مطابق اس نظام کو مرحلہ وار پورے آزاد کشمیر میں نافذ کرنے کا مقصد عوام کو ان کے قریبی ہسپتالوں میں ماہر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم کرنا اور ضلعی سطح پر علاج معالجے کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

یہ اقدام آزاد کشمیر میں صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانے اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔