ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ممبر ضلع کونسل یونین کونسل لانگلہ حلقہ نمبر 4 آصف اقبال مغل نے عوامی شکایات کے پیش نظر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ضلعی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر BISP صاحبزادہ فیصل سے ملاقات کی اور یونین کونسل لانگلہ کے مستحق افراد کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر BISP نے وضاحت کی کہ مستحق افراد اپنی مالی امداد مختلف ذرائع سے حاصل کر سکتے ہیں۔ ایزی پیسہ یا جاز کیش اکاؤنٹ رکھنے والے افراد، جن کے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم موجود ہو، وہ براہ راست اپنے اکاؤنٹ سے رقم نکال سکتے ہیں۔ اگر کسی مستحق فرد کے پاس موبائل سم یا اکاؤنٹ موجود نہیں، تو وہ قریبی ایزی پیسہ یا جاز کیش کی سہولت والی دکان پر جا کر شناختی کارڈ کے ذریعے رقم وصول کر سکتا ہے۔
الفلاح بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے مالی امداد کی فراہمی ضلعی دفتر سے کی جائے گی۔ وہ افراد جن کے نام مستحقین کی فہرست میں شامل نہیں، وہ اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ BISP ضلع جہلم ویلی کے دفتر جا کر اپنا سٹیٹس چیک کروا سکتے ہیں اور درکار صورت میں اپنا سروے مکمل کروا سکتے ہیں۔
ممبر ضلع کونسل آصف اقبال مغل نے کہا کہ حکومت مستحق افراد کو مالی امداد کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی دفتر سے رابطہ کریں۔