آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے کالا ڈھاب میں ایک فسادی جتھے کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں آزاد کشمیر پولیس کے کانسٹیبل عبدالروف شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے فسادی جتھے کے کارندوں نے سڑک کو مکمل طور پر بند کر رکھا تھا، جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ شہریوں کی مشکلات کے پیشِ نظر پولیس نے ٹریفک کی بحالی کے لیے قانونی کارروائی کی۔
پولیس پر بلااشتعال فائرنگ اور زخمی اہلکار کی منتقلی:
اس دوران فسادی جتھے کے مسلح کارندوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر بلااشتعال فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر پولیس کے جوان کانسٹیبل عبدالروف کو گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹلی:سوشل میڈیا کی فیک نیوز کا پردہ فاش، شہر میں مکمل امن و امان اور دکانیں کھلی ہیں
واقعے کے فوراً بعد زخمی ہونے والے کانسٹیبل عبدالروف کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پرامن ہونے کے دعووں کی نفی:
پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فسادی جتھے کے خود کو پُرامن ظاہر کرنے والے تمام دعوے سراسر جھوٹے ہیں اور ان کا یہ طرزِ عمل انتہائی پُرتشدد ہے۔




