بی ڈی اے ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، حکومت نے تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگی کا اعلان کر دیا

باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کے ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری ہے حکومت نے ان کی تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیے۔

محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ، آزاد حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کو عید الفطر سے قبل واجب الادا رقوم فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر آزاد جموں و کشمیر نے پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ، باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اور نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے ملازمین کو بقایاجات اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر27,300 (دو کروڑ تہتر لاکھ )روپے کی منظوری دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ کو 11 کروڑ روپے، باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو 11 کروڑ 30 لاکھ روپے، جبکہ نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کو 5 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ان رقوم کی ادائیگی بطور ون ٹائم گرانٹ کی جائے گی اور یہ فنڈز  مارچ 2025 تک منتقل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کےبالائی و وسطی علاقوں میں 25 سے 27 مارچ کے دوران بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیشگوئی

باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں بغیر تنخواہوں کے گزر بسر انتہائی مشکل ہو چکی ہے اور حکومت کو فوری طور پر بقایاجات ادا کرنے چاہئیں۔ احتجاجی مظاہروں اور مسلسل مطالبات کے بعد حکومت نے ملازمین کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم  ملازمین نے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے مستقل نظام کے قیام پر بھی زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل دوبارہ پیدا نہ ہوں۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عید الفطر قریب ہے اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے ملازمین کی معاشی مشکلات کم ہوں گی۔

Scroll to Top