مظفرآباد :جامعہ آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد نے عالمی جامعات کی دو اہم بین الاقوامی درجہ بندیوں میں نمایاں مقام حاصل کر کے اپنی علمی و تحقیقی شناخت کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2026 میں جامعہ کو دنیا بھر کی جامعات میں 1201 سے 1400 کی درجہ بندی میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان میں جامعہ نے 39ویں اور آزاد جموں و کشمیر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ اعزاز تدریسی معیار، تحقیق، علمی ماحول، بین الاقوامی روابط اور صنعت و معاشرے سے تعلق کے شعبوں میں مسلسل کاوشوں کا شاندار اعتراف ہے۔
مختلف شعبہ جات اور گرین میٹرک میں شاندار کامیابی
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ مختلف شعبہ جات کی عالمی درجہ بندی میں جامعہ نے انجینئرنگ کے شعبے میں 801 سے 1000 کے عالمی بینڈ میں جگہ بنائی ہے، جو اس شعبے میں علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کی عالمی سطح پر پذیرائی کی عکاسی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ جامعہ آزاد جموں و کشمیر نے پہلی مرتبہ یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں بھی شرکت کی، جہاں اسے دنیا میں 1229ویں، ایشیا میں 734ویں اور پاکستان میں 72ویں نمبر پر رکھا گیا، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں جامعہ نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ اس درجہ بندی میں جامعات کے بنیادی ڈھانچے، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، فضلہ کے انتظام، پانی اور ماحول دوست اقدامات کو جانچا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ایڈہاک، کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کی ملازمتوں میں توسیع
انتظامیہ کا عزم اور مبارکباد کا پیغام
جامعہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ان بین الاقوامی اعزازات کے پیچھے طلبہ، اساتذہ، محققین اور انتظامی عملے کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں۔ انتظامیہ نے اس کامیابی پر پوری یونیورسٹی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ معیارِ تعلیم، تحقیق، جدت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے یہ سفر مزید مؤثر انداز میں جاری رہے گا، جو خطے میں علمی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔




