خام تیل

خام تیل کی قیمت، برینٹ کروڈ 107 ڈالرز فی بیرل سے تجاوز کر گیا

بین الاقوامی مارکیٹ میں مشرقِ وسطیٰ کے حساس خطے میں تیل کی فراہمی شدید متاثر ہونے کے خدشات نے سر اٹھا لیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے سیشن کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نیویارک سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا یہ سلسلہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کا براہِ راست نتیجہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.67 فیصد کا تگڑا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت بڑھ کر 107.04 ڈالر فی بیرل کی سطح پر جا پہنچی ہے۔ اسی طرح دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 1.68 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور یہ اس وقت 94.15 ڈالر فی بیرل کی قیمت پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

معروف خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ میں جاری موجودہ کشیدگی اور تنازعات کی وجہ سے تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے عالمی سطح پر شدت اختیار کر لی ہے۔ ان بڑھتے ہوئے خطرات اور اندیشوں نے اس خطے سے خام تیل کی برآمدات میں کسی بھی قسم کی بہتری اور بحالی کے تمام مثبت اشاروں کو شدید کمزور کر دیا ہے، اور ان تمام عوامل کے براہِ راست منفی اثرات عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔