رانا ثناء اللہ

آئندہ کسی بھی گروہ کا اسلام آباد میں داخلہ بند ہے : رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنوں کے معاملے پر پالیسی فیصلہ کرلیا ہے اور آئندہ کسی بھی گروہ کو احتجاج کی غرض سے وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں احتجاج روکنے کا فیصلہ

رانا ثناء اللہ کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے نام پر ہونے والی سرگرمیوں کو مستقل طور پر روکنےکیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت یا گروہ کو احتجاج کیلئے دارالحکومت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی کو رانا ثناء اللہ کی تنبیہ

مسلم لیگ ن کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ اگر احتجاج کے دوران طاقت کا استعمال کیا گیا تو 9 مئی کے بعد فراہم کی جانے والی بعض سہولتیں ختم کردی جائیں گی۔

عطا تارڑ کا لانگ مارچ پر ردعمل

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ معطل کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے لانگ مارچ اور دھرنوں سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کرنے کا چیلنج بھی دیا۔

پی ٹی آئی پر دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزامات

عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کی مبینہ سہولت کاری پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہے اور خیبرپختونخوا حکومت پر افغان طالبان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سہولت کاری کے الزامات عائد کیے۔

غیرقانونی مائننگ سے متعلق بھی الزام

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں غیرقانونی مائننگ کے ذریعے دہشت گردوں کو مبینہ طور پر مالی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لانگ مارچ والے باز آجائیں ورنہ اچھی طرح سمجھا دیا جائیگا، رانا ثناء اللہ

انہوں نے پی ٹی آئی کی سیاسی حیثیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے اقدامات کیے جا رہے ہوں تو پھر خود کو سیاسی جماعت قرار دینے کی بحث پیدا ہوتی ہے۔