مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیرنے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت اور وفاقی پارلیمانی پارٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نومنتخب صدر کے حوالے سے مرکزی قیادت نے جو فیصلہ کیا ہے وہ انتہائی خوش آئند اور ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے خطاب کے دوران اہلیانِ پونچھ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کی صورت میں موجودہ حالات میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے، البتہ پونچھ میں الیکشن نہ ہونے کا شدید افسوس بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپوزیشن کو سائیڈ لائن کرنے کے بجائے ساتھ لے کر چلیں گے اور اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقید برائے اصلاح کو بھرپور پذیرائی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: طبّی تعلیم سے لے کر ایوانِ صدر تک، ڈاکٹر نجیب نقی کا شاندار پارلیمانی اور سیاسی سفر
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی تسلسل ہی ہے جس کی وجہ سے آج ہم اس مقام پر کھڑے ہیں، اور اس ایوان میں ایسی مضبوط اور منظم فضا قائم ہونی چاہیے جس کا مثبت پیغام باہر کی دنیا تک جائے۔ اس ایوان کے قیام اور استحکام میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمایاں خدمات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر حکومت کو یہ حق حاصل ہوتا ہے کہ وہ ترقیاتی اور عوام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، اور ہمیں اس ایوان کی بنیادوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
اسپیکر نے اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔




