ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے خصوصی وژن کے تحت تشکیل دیے گئے 100 دنوں کے ترقیاتی پلان “ستھرا کشمیر پروگرام” پر عملدرآمد کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے لیے ایک ارب باسٹھ کروڑ (1.62 ارب) روپے مالیت کا پی سی ون (PC-I) حتمی منظوری کے لیے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
ستھرا کشمیر پروگرام اور اس کے اہداف:
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس جامع پروگرام کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کے تمام اہم شہروں بالخصوص دارالحکومت اور دیگر اضلاع میں صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، جدید مشینری کی خریداری اور صفائی ستھرائی سے جڑے دیگر ضروری امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر حکومت پنجاب کے نقش قدم پر’’ستھرا کشمیر پروگرام‘‘ لانچ کردیا
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی خصوصی ہدایت پر تیار کردہ یہ سو روزہ پلان عوامی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی بہتری کی جانب ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے خطے کی خوبصورتی اور صحت افزا ماحول کو فروغ ملے گا۔
محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی منظوری کا مرحلہ:
محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو پی سی ون موصول ہونے کے بعد اب اس کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جس کی منظوری کے فوری بعد فنڈز جاری کیے جائیں گے تاکہ اس اہم عوامی منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے اور عوام مقررہ مدت میں اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔




