پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق وزیراعظم و ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ فیصل ممتاز راٹھور جب وزارت عظمیٰ سے سبکدوشی کے بعد گزشتہ روز دارالحکومت مظفرآباد پہنچے تو ٹنل ریزورٹ کے سامنے ان کا فقید المثال اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔
استقبالیہ تقریب اور شرکا کی پرجوش نعرے بازی:
استقبال کرنے والی سرکردہ شخصیات میں سابق ترجمان حکومت شوکت جاوید میر، سینئر رہنما و سابق پبلک ریلیشن آفیسر شوکت راٹھور خاکسار، وارڈ کونسلر اقبال میر، پارٹی رہنما سرانداز میر، عرفان بٹ، طالب علم رہنما خواجہ مقدس اقبال، عبداللہ راٹھور ایڈووکیٹ، شعیب راٹھور، راجہ عاطف اور نثار راٹھور سمیت کثیر تعداد میں عہدیدار اور کارکنان شامل تھے۔
آنے والے قافلے اور رہنما کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر فضا پاکستان پیپلز پارٹی زندہ آباد، بھٹو، بی بی اور قائدین کی مدح سرائی کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم فیصل راٹھور کی انتخابی کامیابی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کارکنوں سے خطاب:
شاندار استقبال کرنے پر سابق وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے شوکت جاوید میر، شوکت راٹھور خاکسار اور ان کے تمام ساتھیوں کے خلوص اور عقیدت کو انتہائی شاندار الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو، اور سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں پارٹی اور پارلیمانی پارٹی کی مشاورت سے نظریہ استحکام پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے حق آزادی اور بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی وقار، ریاستی تشخص اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے وہ ہمیشہ میدان عمل میں برسرپیکار رہیں گے، جبکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا عوام دوست فلسفہ سیاست ہی ان کی جہد مسلسل کا اصل نشانِ منزل ہے۔




