آزاد کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کیپٹن (ر) ملک لیاقت علی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ترجمانِ حکومت شوکت جاوید میر اور سینئر صحافی سید اعجاز کاظمی نے ملاقات کی ہے۔
آئی جی پی کیپٹن (ر) ملک لیاقت علی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت امن و امان کی مجموعی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے مکمل تحفظ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تھانہ لیپہ کی دفتری عمارت اور مسائل پر گفتگو:
ملاقات کے دوران شوکت جاوید میر نے آئی جی پی ملک لیاقت علی اعوان کو خصوصی طور پر وادیٔ لیپہ کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے خوش اسلوبی سے قبول کر لیا۔ اس موقع پر شوکت جاوید میر نے بالخصوص گزشتہ تیس (30) سالوں سے تھانہ لیپہ کی دفتری مکانیت یعنی بلڈنگ کی تعمیر کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں اور وہاں تعینات پولیس فورس کو درپیش دیگر اہم مسائل کے حوالے سے آئی جی پی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی نے سیاحت، تعلیم وترقی ،معیشت تباہ کردی، آئی جی لیاقت علی ملک
انسپکٹر جنرل پولیس نے اس دیرینہ مسئلے پر فوری طور پر توجہ دینے کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات کا یہ دور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔




