ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق آج 20 ستمبر 2026 کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم کشمیر،بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، کوہستان، مانسہرہ، سوات اور دیر میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے استور، داریل، دیامر اور تانگیر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان

آئندہ 24 گھنٹوں کی صورتحال اور نئے موسمی سلسلے کی پیشگوئی:

موجودہ صورتحال کے تحت بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ موجود ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے میں موسمی کم دباؤ برقرار ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے ہفتہ وار آؤٹ لک کے مطابق 24 ستمبر سے ملک کے بالائی علاقوں کو ایک نیا مغربی ہوائی سلسلہ متاثر کر سکتا ہے، تاہم 20 سے 26 ستمبر کے دوران مجموعی طور پر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

24 ستمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں نیا موسمی اثر سامنے آ سکتا ہے اور اس دوران ان علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ 25 ستمبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہ سکتا ہے جبکہ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔