راولپنڈی میں بھی ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ نے اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر رکاوٹیں قائم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
سکیورٹی اقدامات کے تحت راولپنڈی کے مختلف مقامات پر کنٹینرز نصب کیے جارہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز کو آپس میں لوہے کی سلاخوں اور پتریوں کے ذریعے جوڑا جارہا ہے تاکہ انہیں آسانی سے ہٹایا نہ جاسکے۔ بعض مقامات پر کنٹینرز کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ویلڈنگ بھی کی جارہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج، ریڈزون سیل کرنے کا عمل تیز
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ممکنہ احتجاجی مارچ یا دھرنے کی صورت میں رکاوٹوں کو اپنی جگہ برقرار رکھنا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ریڈ زون کے اطراف بھی کنٹینرز کی دیواریں قائم کی جارہی ہیں جبکہ ان رکاوٹوں کے پیچھے مزید کنٹینرز رکھنے کا عمل جاری ہے۔ اس کے نتیجے میں اہم اور حساس علاقوں تک آمدورفت محدود ہونے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی بڑھاتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات کے اطراف بھی اضافی سکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق یہ تمام اقدامات ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر کیے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جاسکے۔
سکیورٹی انتظامات سخت ہونے اور مختلف شاہراہوں پر رکاوٹیں قائم کیے جانے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے اور متبادل راستوں پر رش پیدا ہونے کا بھی امکان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیساتھ ایران کے بہت اچھے تعلقات ہیں : ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے اور حالات کے مطابق مزید سکیورٹی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔




