اساتذہ کرام کے وزارت اور سیکرٹریٹ آمد پر پابندی عائد، نیا حکم نامہ جاری

وزیر تعلیم آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کرام اور ملازمین کی تدریسی و دفتری اوقات کار کے دوران مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر وزارت تعلیم، سیکرٹریٹ اور دیگر دفاتر میں آنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹریٹ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔

سرکلر کی تفصیلات اور عمل درآمد کی ہدایات:

جاری کردہ سرکلر کے مطابق جملہ دفاتر اور تمام متعلقہ ادارہ جات کے سربراہان کو اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ اس نئے حکم نامے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ سرکلر میں اس بات کا خصوصی اظہار کیا گیا ہے کہ یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ اساتذہ کرام تدریسی اوقات کار کے دوران آئے روز وزارت ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سیکرٹریٹ اور دیگر دفاتر کے بلاوجہ چکر لگاتے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور آزاد کشمیر: منگلا نہر میں باپ کا دل دہلا دینے والا اقدام، تین کمسن بچوں کو نہر میں پھینک دیا

تعلیمی ماہرین کے مطابق اس عمل سے نہ صرف اسکولوں میں بچوں کا تدریسی عمل شدید متاثر ہوتا ہے بلکہ متعلقہ دفاتر کے دفتری امور کی انجام دہی میں بھی غیر ضروری خلل پڑتا ہے۔ وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے حکم پر وزارت، سیکرٹریٹ اور دیگر دفاتر میں بلا اجازت آمد و رفت پر یہ پابندی لگائی گئی ہے، اور وزیر تعلیم نے اس سرکلر پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔