میرپور آزاد کشمیر: منگلا نہر میں باپ کا دل دہلا دینے والا اقدام، تین کمسن بچوں کو نہر میں پھینک دیا

میرپور آزاد کشمیر میں دل دہلا دینے والا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں تھانہ منگلا کینٹ کی حدود میں ایک سفاک باپ نے اپنے ہی تین کمسن بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ذیشان فاروق کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی تفصیلات:

پولیس ذرائع کے مطابق نہر میں پھیکے جانے والے بچوں میں 8 سالہ فجر، 5 سالہ عمر اور 3 سالہ نور فاطمہ شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے دو بچوں کی لاشیں نہر سے برآمد کر لی ہیں، جبکہ 5 سالہ عمر ذیشان کی لاش کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے اور شہریوں سے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور : منگلا لہڑی کے قریب باپ کا تین بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگانے کا واقعہ

واقعے کی بنیادی وجہ اور پولیس تحقیقات:

ابتدائی تحقیقات اور پولیس کے مطابق ملزم ذیشان فاروق اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو جھگڑے اور مختلف قانونی مقدمات کے باعث شدید ذہنی پریشانی کا شکار تھا، جس کی بنا پر اس نے یہ انتہائی ہولناک قدم اٹھایا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔