وزیراعظم کا چھوٹی گاڑیوں،موٹرسائیکل، رکشہ فی لیٹر 100 روپے ریلیف کا اعلان

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کیلئے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

شہباز شریف نے ریلیف اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جس سے انہیں ماہانہ 2 ہزار روپے تک فائدہ ہوگا۔ اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا یعنی انہیں ماہانہ 3 ہزار روپے تک کا فائدہ حاصل ہو گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ برقیات میں اصلاحات ، ثاقب مجید نے فیلڈ اسٹاف کو ایک ماہ کا ٹارگٹ دیدیا

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں خصوصی ریلیف اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے کردیا جائے گا جبکہ پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔

شہباز شریف کے بیان کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے، اسکیم کے طریقہ کار اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں گی۔

وزیراعظم نے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

حکومت کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر بالخصوص موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے کم اور متوسط آمدنی والے طبقات کے سفری اخراجات پر پڑتا ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے براہ راست پیٹرول ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خصوصی ریلیف اسکیم، رجسٹریشن کا ڈیجیٹل طریقہ کار جاری

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور فیول ٹوکن کے حصول کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا۔

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے جامع اور خودکار ڈیجیٹل سسٹم تیار کیا ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکیں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا مکمل طریقہ کار pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہے۔

شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے مقررہ فارمیٹ کے مطابق ایس ایم ایس ارسال کرکے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، کامیاب رجسٹریشن کی صورت میں شہری کو تصدیقی جواب موصول ہوگا۔

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد فیول ٹوکن کے حصول کے لیے موبائل فون سے TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔

حکام کے مطابق درخواست کی تصدیق اور کامیابی کی صورت میں شہری کو موبائل فون پر فیول ٹوکن موصول ہوگا، جسے متعلقہ پٹرول پمپ پر دکھا کر تصدیق کے بعد رعایتی نرخ پر پٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔