مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) — صدر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے سوشل میڈیا پر تیزی سےوائرل اپنے نام سے منسوب مبینہ خط پر خاموشی توڑتے ہوئے اسے جعلی قرار دیدیا ۔
کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے واضح کیا کہ ان کی جانب سے ایسا کوئی خط تحریر یا جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خط کو فیک اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ قرار دیتے ہوئے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے بیوروچیف کشمیر ڈیجیٹل سید ابرار حیدر سے خصوصی گفتگو کے دوران اپنے نام سے منسوب خط کے حوالے سے پھیلنے والی اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویز حقیقت پر مبنی نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزارت عظمیٰ نہ ملنے پر شاہ غلام قادر حواس کھوبیٹھے،پارٹی سربراہ کے بجائے فیلڈ مارشل کو خط ارسال
شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ “میں نے ایسا کوئی خط نہیں لکھا” اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا خط ان سے منسوب کرنا درست نہیں۔ ان کے مطابق مذکورہ خط بظاہر مصنوعی طریقے سے تیار کیا گیا ہے اور اسے ان کے نام سے منسوب کرکے سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے جعلی دستاویزات، تصاویر اور بیانات تیار کرکے انہیں حقیقی ظاہر کرنا آسان ہوگیا ہے، اس لیے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ہر دستاویز یا خبر کو تصدیق کے بغیر درست سمجھنا مناسب نہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی جانب سے تردید کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل خط کی صداقت کے حوالے سے پیدا ہونے والے سوالات بھی ختم ہوگئے ہیں۔ شاہ غلام قادر نے واضح کیا کہ ان کے نام سے منسوب خط کو ان کی طرف سے جاری کردہ سرکاری یا سیاسی مؤقف تصور نہ کیا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ برقیات میں اصلاحات ، ثاقب مجید نے فیلڈ اسٹاف کو ایک ماہ کا ٹارگٹ دیدیا
سیاسی حلقوں میں بھی سوشل میڈیا پر جعلی دستاویزات اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کسی بھی اہم سیاسی بیان، خط یا دستاویز کو شیئر کرنے سے قبل اس کے اصل ماخذ اور متعلقہ شخصیت یا ادارے سے تصدیق ضروری ہے۔
شاہ غلام قادر کی جانب سے وضاحت سامنے آنے کے بعد اب سوشل میڈیا صارفین سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ مذکورہ خط کو مزید شیئر کرنے سے گریز کریں اور غیر مصدقہ مواد کی تشہیر سے اجتناب کریں۔
واضح رہے کہ شاہ غلام قادر نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کے دوران اپنے نام سے منسوب وائرل خط کی مکمل تردید کرتے ہوئے اسے جعلی اور اے آئی جنریٹڈ قرار دیا ہے۔




